اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اطلاعات کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے امریکہ کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن کے بیان کے جواب میں اتوار کے روز تاکید کے ساتھ کہا کہ ہم اپنے ایٹمی حق سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے لیکن بحالی اعتماد کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے فریق مقابل کے ذریعہ مذاکرات کے سلسلے میں میڈیا میں دئيے جانے والے بیانات پر کہا کہ اگر غیرمنطقی مطالبات پر اصرار کیا جاتا رہا تو اس سے مذاکرات کو کامیاب بنانے میں کوئي مدد نہیں ملے گی بلکہ موجودہ راستہ مزید سخت اور دشوار ہوجائے گا۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اپنی اصولی پالیسی منجملہ ایٹمی اسلحے سمیت ہر قسم کے عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی مخالفت کی پالیسی کی بنیاد پر مذاکرات انجام دے رہا ہے اور کسی نتیجے پر پہنچنے تک وہ پوری نیک نیتی کے ساتھ ان مذاکرات کو جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس بات ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کے کسی بھی ایٹمی مرکز کو بند یا اس کے کام کو روکا نہیں جائے گا کہا کہ ایران کی ضرورت کے تحت صنعتی مقاصد کے لئے یورینیم کی افزودگی کا عمل جاری رہے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲